نواز شریف صحت کا بہانہ بنا کرملک سے فرار ہوئے، شبلی فراز
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق بل کے مسودے پر بابر اعوان اور شہزاد اکبر نے بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بل فوری طور پر کابینہ کمیٹی برائے قانونی سازی میں لایا جائے۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کابینہ نے زیادتی کیسز کے قوانین کا جائزہ لیا گیا، ان قوانین پر کام جاری ہے۔ جنسی زیادتی کیسز کے ملزمان کو سخت سزا ملنی چاہیے۔ قوانین میں خامیاں ہیں جس کی وجہ سے ملزم بچ جاتے ہیں۔
آل پارٹیز کانفرنس پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں، اے پی سی میں پرانی باتیں لیکن زہر زیادہ ملا ہوا تھا۔ نواز شریف تین دفعہ وزیراعظم رہ چکے، اس دفعہ منتخب نہیں ہوئے تو الیکشن کمیشن بیکار ہے۔ جب ان کے حق میں فیصلہ ہو تو ٹھیک ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون سازی میں ہر چیز کو دیکھنا ہوتا ہے۔ 2013ء میں عابد علی کو سخت سزا ملتی تو دوبارہ یہ حرکت نہ کرتا۔ قانون میں سقم موجود ہے۔ سب سے سخت سزا ہم تجویز کر رہے ہیں۔ ایک ملزم کو پکڑ لیا، دوسرے کو بھی پکڑا جائے گا۔