اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس حکومت کے اختتام کی ابتداء ہے،جنرل قادر بلوچ
کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ اور صوبائی جنرل سیکرٹری جما ل شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس حکومت کے اختتام کی ابتداء ہے آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کی بھر پور تائید کرتے ہوئے بلوچستان کے تمام بڑے شہروں میں ریلیاں،جلسے منعقد کئے جائیں گے پاکستان ڈیموکریٹک الائنس ملک میں جموریت اور آئین کی بالادستی کا پلیٹ فارم ہے یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے بعد پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک الائنس ملک کو بحرانوں کی دلدل سے نکالنے کے لئے بہترین پیش قدمی ہے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا یک زبان ہو کر نااہل حکومت کے خلاف کھڑا ہونا نیک شگون ہے انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد حکمرانوں کے اوسان خطا ہوگئے ہیں انہیں اب اپنا انجام دیکھائی دے رہا ہے حکومت اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ہر وزیر،مشیر اپنی اپنی توتی بول رہا ہے جس سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ اب اس حکومت کو ختم کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران نیازی کے پاس اب واحد آپشن استعفیٰ ہے بصورت دیگر وہ عوامی طاقت کا مقابلہ کرنے کے کسی بھی صورت قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی اور ااے پی سی کی قیادت کی ہدایت کے مطابق صوبے بھر میں مشترکہ ریلیاں جلسے اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اب وقت آگیا ہے کہ حکومت کو عوامی طاقت کے ذریعے گھر بھیج دیا جائے