بلوچستان پہلا صوبہ تھا جس نے کورونا وائرس کاسامنا کیا،جام کمال
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور اس کے اداروں نے کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے کامیاب کوشش کی ہے تاہم موسم کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ کے خدشات ہیں جن کے ازالے کے لئے مزید محنت کی ضرورت ہے، بلوچستان پہلا صوبہ تھا جس نے کورونا وائرس کاسامنا کیا اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے، بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر شعبہ صحت کے ماہرین کی مشاورت سے آئندہ دنوں میں وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت دیگر اقدامات اٹھانے کی سفارشات تیار کرکے فوری طور پر حکومت کو پیش کرے، خاص طور سے تعلیمی اداروں کے کھلنے اور تعلیمی عمل کے آغاز کے تناظر میں وائرس کے پھیلنے کی صورتحال کی موثر مانیٹرنگ کی جائے تاکہ اس حوالے سے طے کی گئی حکمت عملی کا ازسرنو جائزہ لیا جاسکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے جائزہ کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا، محکمہ صحت کی جانب سے اجلاس کو متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں حالیہ دنوں میں وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ کو قابل تشویش قراردیا گیا، اجلاس میں شریک ماہرین پبلک ہیلتھ اورعمومی صحت نے وائرس کے پھیلاؤ کے رحجان کے جائزہ کے لئے کی گئی سٹڈی رپورٹ کی روشنی میں موسم کی تبدیلی کے اثرات کے طور پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کا اظہار کیا، اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد کو 2000تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد، ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کی کارکردگی، کورونا وائرس کے شکار افراد کی ٹریکنگ اور ٹریسنگ کے میکنزم کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت کو اس کی ضروریات کے مطابق ٹیسٹنگ کٹس، پی سی آر مشینیں اور پی پی ای کٹس سمیت دیگر آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس کے لئے فوری طور پر فنڈز کا اجراء کیا جائے گا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ داخلہ بی سی او سی اور محکمہ صحت کی سفارشات کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی وضح کرے جبکہ محکمہ تعلیم نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے بچاؤ کی ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائے، انہوں نے کہا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بھی اپنے اضلاع میں وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے اقدامات یقینی بنائیں، تمام متعلقہ ادارے کورونا وائرس کے تدار ک کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کریں اور ان کا فالواپ کیا جائے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کے موجودہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں،انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں خدمات کی فراہمی کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور جو بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ان کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے، وزیراعلیٰ نے سیکریٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل صحت کو ادویات کی خریداری کے عمل کو شفافیت کے ساتھ فوری طور پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، سیکریٹری صحت، دوستین جمالدینی، سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ، سیکریٹری آئی ٹی یاور احمد، سیکریٹری اطلاعات عرفان غرشین، اسپیشل سیکریٹری صحت حافظ محمد طاہر، ڈائریکٹر جنرل صحت، پی ڈی ایم اے، بی سی او سی کے حکام، پبلک ہیلتھ اور عمومی صحت کے ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔