عبدالمجید اچکزئی کی بریت کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر
کوئٹہ:سابق رکن بلوچستان اسمبلی (ایم پی اے) عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی گئی۔
بلوچستان پولیس نے کوئٹہ میں ٹریفک سارجنٹ عطا اللّٰہ کے قتل کیس میں عبدالمجید اچکزئی کے خلاف اپیل دائر کردی ہے۔
اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹریفک سارجنٹ کے کیس میں استغاثہ کے بیانات کو قابل غور نہیں لایا گیا۔محکمہ پولیس بلوچستان نے اپیل میں مزید کہا کہ ٹرائل کورٹ نے استغاثہ کے موقف کو نظر انداز کیا۔
اپیل میں یہ بھی کہا گیا کہ زیر بحث نکات کو بلوچستان ہائی کورٹ کے سامنے لانے کا حق رکھتے ہیں۔یاد رہے کہ بلوچستان کی ماڈل کورٹ نے سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کو کیس میں شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا تھا۔
2017 میں بلوچستان اسمبلی کے رکن اور اس وقت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین مجید اچکزئی پر سارجنٹ عطاللّٰہ کو گاڑی کی ٹکر سے ہلاک کرنے کا الزام تھا۔ٹریفک پولیس اہلکار عطا اللّٰہ کی گاڑی کی ٹکر سے ہلاکت کا واقعہ 20 جون 2017 کو کوئٹہ کے زرغون روڈ پر پیش آیا تھا۔