ایف آئی اے کے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹ ہیں، جہانگیر ترین
لاہور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ان سے متعلق کہانی گھڑ کر خودساختہ کیس بنایاگیا، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے جن الزامات پر بلایاجارہا ہے ان کا چینی کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے طلبی پر جہانگیر ترین نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ایف آئی اے کے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹ ہیں، سالوں پہلے کی گئی ٹرانزیکشنز کا چینی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے کیا تعلق ہے؟ ملک بھر میں 80 سے زائد شوگر ملز کام کر رہی ہیں لیکن ٹارگٹ صرف ہماری مل کوکیا جارہا ہے۔
جہانگیر ترین کاکہنا ہےکہ میرے بیٹے علی ترین کو بھی بلا وجہ اس کیس میں گھسیٹا جا رہا ہے جب کہ اس کا جے ڈی ڈبلیو شوگر مل سے کوئی تعلق نہیں،علی ترین نہ موجودہ بورڈ کا ممبر ہے اور نہ ہی کبھی ماضی میں کسی عہدے پر رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنا مکمل مؤقف اور تفصیلات جلد ایف آئی اے کو جمع کروادیں گے۔خیال رہے کہ جہانگیر ترین کے خلاف شوگر کمیشن کے الزامات کی تحقیقات کی روشنی میں ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کو طلب کر لیا ہے۔