اکتوبر اور نومبر میں یورپ کورونا وائرس سے شدید متاثر ہو گا، ڈبلیو ایچ او

نیویارک:عالمی ادارہ صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اکتوبر اور نومبر میں یورپ کورونا وائرس سے شدید متاثر ہو گا جب کہ اموات بھی بڑھ سکتی ہیں۔

یورپ میں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ہانس کلوگ نے بتایا کہ بدقسمتی سے اکتوبر اور نومبر یورپ کے کئی ملکوں کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔ ان کے بقول کورونا وبا سے یورپ میں ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے عہدے دار کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فرانس اور اسپین سمیت یورپ کے 55 ممالک میں جمعے کو کورونا کے 51 ہزار کے لگ بھگ کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

یہ تعداد اپریل میں یومیہ تعداد سے بھی زیادہ ہے جب یورپ میں وبا کی شدت تھی۔اگرچہ یورپ میں کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں مگر ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا۔

مگر عالمی ادارہ صحت کے مطابق کیسز کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے آئندہ دنوں میں ہلاکتیں بڑھ سکتی ہیں۔ہانس کلوگ نے کہا کہ یہ ایسا وقت ہے کہ کئی ممالک بری خبر سننا نہیں چاہتے۔

ہم ان کی یہ خواہش سمجھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بھی مثبت خبر دینے پر زور دیتے ہیں مگریہ وقت کبھی نہ کبھی ختم ہو گا۔کلوگ نے کہا کہ ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ویکسین آنے کے بعد حالات معمول پر آ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ ہر وقت سنتا ہوں کہ ویکسین آنے سے وبا ختم ہو جائے گی۔ ایسا ہرگز نہیں،ن کا کہنا تھا کہ ہم یہ نہیں جانتے کہ ویکسین ہر فرد کے لیے یکساں کارآمد ہو گی۔

ہمیں اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ ویکسین کسی گروہ کے لیے مفید ہو گی اور دوسروں کے لیے نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں ایک سے زائد ویکسینز پر انحصار کرنا پڑا تو ان کی ترسیل بہت مشکل ہو جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے