پاکستان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے، شبلی فراز
اسلام آباد:وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات شبلی فراز سے متحدہ عرب امارت کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی کی ملاقات ہوئی جس میں تجارت اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لئے کاروباری اور تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارت کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی نے امارات کی ترقی میں پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا۔
ملاقات میں وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ اعتقاد ، ثقافت اور ورثے کی بنیاد پر قریبی اور برادرانہ تعلقاتِ ہیں۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ دونوں برادرممالک کے مابین معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراطلاعات شبلی فراز نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سارے مواقع ہیں جبکہ دوطرفہ تجارت باہمی تعلقات کی گہرائی کو حقیقی طور پر ظاہر نہیں کرتی ہے اور تجارت کے حجم میں اضافے کے بے شمار مواقع ہیں۔