میں اس ملک میں نہیں رہ سکتی، سارہ خان
اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ سارہ خان نے موٹر وے واقعے پر مجرمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا تو افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس ملک میں نہیں رہ سکتی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب پر پیر کی شام اداکارہ ماہرہ خان ، سارہ خان ، علی رحمن خان ، عائشہ عمر ، یاسر حسین ، اعجاز اسلم ،ثروت گیلانی، وجاہت رؤف اور دیگر کئی مشہور شخصیات نے ملک بھر میں خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی زیادتی کے خلاف آواز بلند کی۔
اس موقع پر اداکارہ سارہ خان نے کہا کہ “میرے ساتھ ہمیشہ میرے دو گارڈز ہوتے ہیں، لیکن میں چاہتی ہوں ہم ایک ایسی سوسائٹی میں رہیں جہاں عورتوں کو اس سب کی ضرورت نہ پڑے”۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں اس وقت خواتین تو کیا بچے بھی محفوظ نہیں ہیں، وزیراعظم کو موٹر وے واقعے کے بعد مجرموں کیلئے سخت سزائیں تجویز کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں عورتوں کو سکھانے کے بجائے مردوں کو سکھانا چاہئے کہ عورتوں کی عزت کیسے کی جائے۔
اداکارہ نے کہا کہ یہاں ہمارا احتجاج ریکارڈ کروانے کا مقصد ہی یہی ہے کہ مجرمان کو کڑی سزا دی جائے، اگر ایسا نہیں ہوسکا تو مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں مزید اس ملک میں نہیں رہ سکتی۔