معاشرے میں عدم برداشت کی بیخ کنی میں علماء کا کردار نہایت اہم ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ معاشرے میں عدم برداشت اور ہیجان انگیز رویوں کی بیخ کنی اور نسل نو کی اسلامی اقدار کی طرف رہنمائی کے ضمن میں علماء اور مشائخ کا کردار نہایت اہم ہے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان علماء کونسل،چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور معروف عالم دین علامہ طاہر اشرفی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں اتحاد بین المسلمین اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔علامہ طاہر اشرفی نے مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے اور بہترین خارجہ پالیسی اپنانے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے ہے نقاب ہو چکا ہے ۔علامہ طاہر اشرفی نے دنیا بھر میں بالخصوص مغربی ممالک میں اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف موثر آواز اٹھانے اور دنیا کی توجہ اس جانب مبذول کروانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت اور ہیجان انگیز رویوں کی بیخ کنی اور نسل نو کی اسلامی اقدار کی طرف راہنمائی کے ضمن میں علماء اور مشائخ کا کردار نہایت اہم ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعلیمات کی ترویج اور اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے علامہ طاہر اشرفی کی خدمات کو سراہا۔