ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف کی ضمانت کیخلاف درخواست پر اعتراض عائد
اسلام آباد: ہائی کورٹ کے رجسٹرارآفس نے قومی احتساب بیورو کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا ہے جس میں استدعا کی گئی تھی کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں ضمانت منسوخ کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرارآفس نے نیب کی درخواست پر تکنیکی نوعیت کے اعتراضات عائد کیے ہیں۔
نیب نے نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں ضمانت منسوخی کی درخواست گزشتہ روز دائر کی تھی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کی تھی اور سپریم کورٹ نے بھی نواز شریف کی سزا معطلی کا ہائیکورٹ والا فیصلہ ہی برقرار رکھا تھا۔
نیب نے مؤقف اپنایا کہ نواز شریف نے سزا معطلی اور ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کیا۔ بیرون ملک جانے چلے جانے کے بعد نواز شریف اس رعایت کے مستحق نہیں رہے۔ نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی اور ضمانت ختم کی جائے۔
قومی احتساب بیورو نے استدعا کہ نواز شریف مفرور ہیں اور سابق وزیراعظم کی ضمانت منسوخ کر کے گرفتاری کی اجازت دی جائے۔