پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ خوشگوار اور دوستانہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے، اسد قیصر

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار اور دوستانہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان اور آذربائیجان کے لیے نامزد سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، جنہوں نے جمعرات کے روز سپیکر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان اور آذربائیجان برادر اسلامی ممالک ہیں اور ان سے دوستانہ تعلقات مشترکہ مذہب ثقافت اور باہمی اقتصادی مفادات پر مبنی ہیں۔

افغانستان کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر منصور احمد خان سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ سپیکر نے دونوں ممالک کے درمیان رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک افغان فرینڈشپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور اس کمیٹی کو سرحدوں پر دو طرفہ تجارت کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

آذربائیجان کے لیے نامزد سفیر بلال حئی نے سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ بطور سفیر دونوں ممالک کے مابین توانائی، تجارت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں اضافہ ان کی اولین ترجیح رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے