اوور سیزپاکستانی ملک کا بڑا اثاثہ ہیں، وزیر اعظم
اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اوورسیزپاکستانی ملک کا بڑا اثاثہ ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں روشن ڈیجیٹل اکاؤ نٹ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانی ملک کا بڑا اثاثہ ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ اوورسیزپاکستانی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، بہترین معاشی حالات سے اوورسیزپاکستانیوں کو واپس لایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیزپاکستانی قومی تعمیرمیں اہم کردارادا کررہے ہیں۔پاکستان میں بیرون ملک سے سرمایہ کاری لانا چاہتے ہیں۔ چین اوربھارت میں بھی سب سے پہلے سرمایہ کاری بیرون ممالک سے آئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جو پیسہ اکٹھا ہوتا ہے وہ قرضوں کی ادائیگی میں چلاجاتا ہے،تعمیراتی انڈسٹری سے دیگرصنعتوں کو بھی فروغ ملے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہری شہریت والوں کو ایسےدیکھا جاتا ہے جیسے غدارہیں۔دہری شہریت والا عہدہ نہیں لے سکتا، وزیر نہیں بن سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ بیرون ملک گئے کیونکہ ہم ان کو نوکریاں نہیں دے سکے، اوورسیزپاکستانی سب سے زیادہ محب وطن ہیں۔