بی اے پی کا شمار قومی سطح پر ملک کی بڑی پارٹیوں میں ہوتا ہے،جام کمال
کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت پارٹی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے منعقد ہونے والے اجلاس میں پارٹی کے صدر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ان کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی کو قومی سطح پر ایک مستحکم سیاسی جماعت کے طور پر آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ اپنے منشور کے مطابق بی اے پی بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کی حیثیت سے بلوچستان کی تعمیروترقی میں اپنا بنیادی کردار ادا کرتی رہے گی، اجلاس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی، پارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وصوبائی وزراء، اراکین سینٹ، قومی وصوبائی اسمبلی، پارٹی کے اراکین کے پی کے اسمبلی اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی، اجلاس کے ایجنڈا میں پارٹی آئین میں ترمیم اور آئین کو بہتر اور ضابطہ کار بنانا، سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی، نیشنل کونسل اور صوبائی ایگزیکٹیو کمیٹی سے متعلق امور، تنظیم سازی کے طریقہ کار، انٹرا پارٹی الیکشن کے طریقہ کار، پارٹی کے تمام عہدوں اور ونگز کے انتخاب کے طریقہ کار، الیکشن مینجمنٹ اور الیکشن سیل کے قیام، نظم وضبط اور احتساب سے متعلق ضابطہ کار اور کمیٹی کے قیام اور ڈسپلنری کمیٹی کے قیام کے طریقہ کار شامل تھے جن پر تفصیلی غورخوض کیا گیا اور اس حوالے سے متفقہ فیصلے کئے گئے، اجلاس کے شرکاء نے متعلقہ امور پر اپنی آراء دیں، قبل ازیں بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر و وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے بلوچستان عوامی پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے پارٹی کے قیام کا مقصد بلوچستان کے عوام کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جو یہاں کے عوام کی صوبائی اور وفاقی سطح پر حقیقی ترجمانی اور نمائندگی کرے اور صوبے کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے منظم پالیسی سازی اور جامع منصوبہ بندی کا تعین کرتے ہوئے صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے، بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر ووزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی کے رہنما اور دیگر عہدیداران بلوچستان کے عوام کے مفادات کو ہر صورت مقدم رکھیں گے تاکہ صوبائی اور قومی سطح پر بلوچستان کے عوام کے موقف کو احسن انداز سے پیش کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صرف بلوچستان تک محدود نہیں ہے، پارٹی کا شمار قومی سطح پر ملک کی بڑی پارٹیوں میں ہوتا ہے بلوچستان عوامی پارٹی کی موثر نمائندگی وفاقی حکومت سینٹ، قومی اسمبلی سمیت خیبر پختونخوا کے پارلیمان میں بھی ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے انتظامی سٹرکچر کو مزید مضبوط کرتے ہوئے اسے دیگر صوبوں میں وسعت دینے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ بلوچستان کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرتے ہوئے ان کو اچھے انداز سے حل کیا جا سکے اور بلوچستان کے وسائل اور طویل ساحل سے مستفید ہوتے ہوئے یہاں قومی اور بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں بلوچستان عوامی پارٹی اپنے کلیدی کردار سے بخوبی آگاہ ہے، پارٹی کے رہنما،عہدیداران اور کارکنان کو بھی اپنے ذمہ داریوں کا ادراک رکھتے ہوئے صوبے کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنا ہے تاکہ صوبہ معاشی اور اقتصادی ترقی کی سمت پر گامزن ہوتے ہوئے حقیقی خوشحالی اور ترقی کی منزل کو پا سکے، اجلاس کے آغاز پر دہشت گردی کے واقعات کے شہداء اور کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔