ایس ایم ایز ملکی معیشت کے استحکام و فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، عمران خان

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ایس ایم ایز ملکی معیشت کے استحکام و فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، موجودہ حکومت تعمیرات اور ایس ایم ایز کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،ایس ایم ایز کے فروغ کے لئے نہ صرف تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی بلکہ تمام ممکنہ مراعات فراہم کی جائیں گی،وزیر اعظم نے وزارتِ صنعت و پیداوار کو آئندہ دو ہفتوں میں قابل عمل روڈ میپ کی تیاری کی ذمہ داری سونپی دی ہے ۔ تفصیلات ک مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے سمال اینڈ میڈیئم انٹرپرائزز کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزیر برائے صنعت محمد حماد اظہر، وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، گورنر سٹیٹ بنک، چیئرمین ایف بی آر، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔ وزیر اعظم کو چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے حوالے سے مجوزہ ایس ایم ای پالیسی 2020 پیش کی گئی ۔وزیرِ اعظم کو مجوزہ پالیسی کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ، پالیسی اقدامات کے ذریعے ایس ایم ای شعبے کے فروغ اور معیشت میں ایس ایم ایز کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے مختلف اقدامات کی نشاندہی کی گئی ۔وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز ملکی معیشت کے استحکام و فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا۔ مالی مسائل کے حل سے لیکر ان کی مصنوعات و پیداوار کو بہتر بنانے کے امر کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعمیرات اور ایس ایم ایز کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کو سہولیات اور مراعات کی فراہمی کے حوالے سے بین الاقوامی بہترین طریقہ کار (انٹرنیشنل بیسٹ پریکٹسز) سے استفادہ کیا جائے۔ وزیر اعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ ایس ایم ایز کے فروغ کے لئے نہ صرف تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی بلکہ تمام ممکنہ مراعات فراہم کی جائیں گی۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم نے وزارتِ صنعت و پیداوار کو آئندہ دو ہفتوں میں قابل عمل روڈ میپ کی تیاری کی ذمہ داری سونپی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے